تازہ ترین

چترال میں جمعیت علماء اسلام کا مہنگائی کے خلاف احتجاجی جلسہ

چترال(چترال ایکسپریس) جمعیت علماء اسلام ضلع لوئر چترال کے زیرِ اہتمام جمعہ کے روز اتالیق پل چترال میں مہنگائی کے خلاف ایک احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

جلسے کی صدارت امیر جمعیت علماء اسلام ضلع لوئر چترال مولانا عبدالرحمن نے کی، جبکہ دیگر مقررین میں مولانا عبدالشکور، قاری جمال ناصر، قاضی نسیم، مولانا اسرار الدین الہلال اور عبدالمجیدودیگر شامل تھے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور عام آدمی کے لیے بنیادی ضروریاتِ زندگی کا حصول مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان، مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر حکومت عوام کو بنیادی حقوق فراہم کرنے میں ناکام ہے تو اسے عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

جلسے کے شرکاء نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سبزی منڈی میں قیمتوں اور ناجائز منافع خوری کا فوری نوٹس لیا جائے، اشیائے خوردونوش کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کے ساتھ غیر مناسب رویوں کا سدباب کیا جائے۔

مقررین نے ڈپٹی کمشنر چترال کی جانب سے قربانی کی کھالیں صرف مخصوص اداروں کو جمع کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارسِ دینیہ کا انحصار عوامی تعاون پر ہوتا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے مدارس کو کوئی متبادل مالی سہولت فراہم نہیں کی جاتی، اس لیے ایسے فیصلے مدارس کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہیں۔

جلسے کے اختتام پر حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مدارس کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں ملک میں امن، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO