
پرنس رحیم آغا خان کے دورۂ لوئر چترال کے سلسلے میں سکیورٹی بریفنگ
چترال (چترال ایکسپریس) پرنس رحیم آغا خان کے متوقع دورۂ لوئر چترال کے سلسلے میں پولیس لائن لوئر چترال میں خصوصی سکیورٹی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ بریفنگ ایکٹنگ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال عتیق الرحمن نے جوانوں کی گنتی کے دوران دی، جبکہ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اقبال الدین سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
ایکٹنگ ڈی پی او نے
جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ دورے کے دوران ہائی الرٹ رہیں، ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکسی اختیار کریں اور داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی بھی تاکید کی۔
عتیق الرحمن نے کہا کہ پولیس اہلکار نظم و ضبط، پیشہ وارانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دیں تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ لوئر چترال پولیس زائرین اور مہمانوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے، ان کی سہولت اور رہنمائی کا خاص خیال رکھے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے تاکہ دورے کے دوران پرامن اور خوشگوار ماحول برقرار رہے۔
