
اپر و لوئر چترال میں آغا خان کے استقبال کیلئے شہزادہ افتخارالدین وفاقی نمائندہ مقرر
چترال (چترال ایکسپریس) وزیراعظم آفس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین کو اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا شاہ رحیم الحسینی آغا خان کے آئندہ دورۂ چترال کے موقع پر وفاقی حکومت کا خصوصی نمائندہ نامزد کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری سرکاری مراسلے کے مطابق شہزادہ افتخارالدین اپر اور لوئر چترال میں پروٹوکول وفد کا حصہ ہوں گے اور وفاقی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے معزز
مہمان کا استقبال کریں گے۔
اس موقع پر شہزادہ افتخارالدین نے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ انہیں ایک مرتبہ پھر اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا کے استقبال کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی 7 دسمبر 2017 کو بطور رکنِ قومی اسمبلی انہیں مرحوم پرنس کریم آغا خان کے دورۂ چترال کے موقع پر استقبال کا شرف حاصل ہوا تھا۔
شہزادہ افتخارالدین نے امید ظاہر کی کہ ہز ہائنس شاہ رحیم الحسینی آغا خان کا دورۂ چترال خطے میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، روحانی وابستگی اور معاشی خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
