
آر پی او ملاکنڈ کا لٹکوہ اور دیدار گاہ گرم چشمہ کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
چترال (چترال ایکسپریس) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ نے پرنس رحیم آغا خان کے متوقع دورۂ لوئر چترال کے سلسلے میں لٹکوہ سب ڈویژن اور دیدار گاہ گرم چشمہ کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران دیگر پولیس افسران کے علاوہ اسماعیلی اور سنی کمیونٹی کے عمائدین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
آر پی او نے دیدار گاہ گرم چشمہ میں قائم مختلف سکیورٹی پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ ایریاز، واک تھرو گیٹس، چیکنگ سسٹم، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور پولیس نفری کی تعیناتی کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ حکام نے آر پی او کو سکیورٹی پلان اور ڈیوٹی پوائنٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سید فدا حسن شاہ نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور فول پروف بنایا جائے تاکہ دورے کے دوران امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جا سکے۔
دریں اثنا آر پی او ملاکنڈ نے تھانہ لٹکوہ کا بھی دورہ کیا جہاں اسماعیلی اور سنی کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں امن و امان، باہمی ہم آہنگی، سکیورٹی انتظامات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں کمیونٹیز کے عمائدین کو اعتماد میں لیا گیا۔
آر پی او نے تھانہ لٹکوہ میں پولیس جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ڈیوٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم شخصیات کے دوروں کے موقع پر پولیس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں، لہٰذا تمام اہلکار پوری مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوئر چترال پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
