تازہ ترین

ویٹرن فٹبال لیگ 2026 کا فائنل، چترال سرکار کی ٹیم فاتح

چترال (چترال ایکسپریس) ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس اور چترال ویٹرن فٹبال ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ویٹرن فٹبال لیگ 2026 کا فائنل پریڈ گراؤنڈ چترال میں کھیلا گیا، جس میں چترال سرکار اور دروش ویٹرن فٹبال ٹیموں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔

دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور میچ بغیر کسی فیصلے کے برابر رہا۔ فائنل کا فیصلہ پنالٹی ککس کے ذریعے کیا گیا، جس میں چترال سرکار کی ٹیم نے دروش ویٹرن فٹبال ٹیم کو شکست دے کر ویٹرن فٹبال لیگ 2026 کی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی معروف سیاسی و سماجی شخصیت الحاج عیدالحسین تھے، جنہوں نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الحاج عیدالحسین نے کہا کہ چترال کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں کھیلوں کے بہتر مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے باصلاحیت نوجوانوں نے کھیلوں کے میدان میں علاقے کا نام روشن کیا ہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ چترال کے نوجوان مستقبل میں بھی کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرکے علاقے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لوئر چترال قاضی محمد خالد، امیر جماعت اسلامی وجیہ الدین، پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما سکندر حیات، منیر چارویلو، عنایت اللہ اسیر، فدا الرحمن فدا، ضیاء الرحمن، خورشید احمد، سیف الامین، صدر فٹبال ایسوسی ایشن سعود احمد آزاد، صدر ویٹرن فٹبال ایسوسی ایشن ظفر علی شاہ المعروف گل آغا، خالد اعظم، فاروق اعظم اور سید سیف اللہ جان سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

زر الذهاب إلى الأعلى