
اپر چترال آل پارٹیز وفد کی گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات؛ بونی ہسپتال کی آؤٹ سورسنگ پر نظرثانی اور ضلعی سیکریٹریٹ کے قیام کا مطالبہ
پشاور(چترال ایکسپریس)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اپر چترال کے آل پارٹیز وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی اپر چترال کے صدر شیر حسین کی قیادت میں
گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع اپر چترال کو درپیش صحت، ترقیاتی اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے ضلع ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال بونی کی آؤٹ سورسنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ وفد نے ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے، جدید لیبارٹری، ایکسرے مشینوں، ڈاکٹروں، نرسوں اور آپریشن تھیٹر سمیت دیگر بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولت میسر آ سکے۔
وفد نے نئے ضلع اپر چترال میں بونی کے مقام پر ضلعی سیکریٹریٹ کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیشتر سرکاری محکمے کرائے کی عمارتوں میں کام کر رہے ہیں، جس سے انتظامی مشکلات کے ساتھ ساتھ حکومتی وسائل پر بھی اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
ملاقات میں چترال۔شندور روڈ، بونی روڈ، کوشٹ روڈ، مستوج روڈ، مستوج۔بروغل روڈ اور بونی میں نرسنگ کالج سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ اپر چترال کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال بونی کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے پر محکمہ صحت کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ضلع میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔
