تازہ ترین

سی او پی 31 میں کیلاش قوم کی عالمی سطح پر نمائندگی، لوک رحمت کی اہم شرکت

اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں چترال کی مقامی آبادیوں کے روایتی علم، ثقافتی ورثے اور موسمیاتی مسائل کو اجاگر کیا

چترال (فتح اللہ) کیلاش قوم سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن اور کمیونٹی نمائندے لوک رحمت نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس (COP31) میں شرکت کرکے پاکستان کی مقامی اقوام، بالخصوص کیلاش کمیونٹی کے مسائل اور مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
لوک رحمت نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی ادارے (UNFCCC) کے تحت لوکل کمیونٹیز اینڈ انڈیجینس پیپلز پلیٹ فارم (LCIPP) کے باضابطہ مدعو کردہ نالج ہولڈر کی حیثیت سے 9 سے 13 نومبر 2026 تک کانفرنس کی مختلف سرکاری سرگرمیوں میں شرکت کی، جہاں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی مقامی اقوام کے نمائندوں اور روایتی علم کے حامل افراد نے موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔
کانفرنس کے ساتویں جنریشن ہائی لیول راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے لوک رحمت نے کہا کہ مقامی اقوام کو صرف موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والی آبادیوں کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ ان کے صدیوں پر محیط روایتی علم، تجربات اور قدرتی ماحول کے تحفظ میں کردار کو بھی عالمی ماحولیاتی پالیسی سازی کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے عالمی ماحولیاتی فیصلوں میں مقامی آبادیوں کی مؤثر شمولیت اور ان کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔
انہوں نے انڈیجینس پیپلز پویلین میں منعقدہ مختلف سائیڈ ایونٹس اور مباحثوں میں بھی شرکت کی، جہاں مقامی اقوام کے حقوق، ماحولیاتی انصاف، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور روایتی علم کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
لوک رحمت نے ایشیا ریجنل کاکس کی سرگرمیوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق وہ ان سرگرمیوں میں پاکستان کی جانب سے واحد نمائندے تھے، جہاں انہوں نے کیلاش کمیونٹی سمیت پاکستان کی دیگر مقامی آبادیوں کو درپیش مسائل اور ان کے نقطہ نظر سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ لوک رحمت اشپاتا گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو، کالاش پیپلز ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (KPDN) کے سربراہ اور کالاشا دُر کلچرل سینٹر کے چیئرمین ہیں۔ وہ طویل عرصے سے کیلاش قوم کے حقوق، ثقافتی شناخت کے تحفظ، کمیونٹی کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
چترال کی وادیوں بمبوریت، رمبور اور بریر میں آباد کیلاش قوم اپنی منفرد زبان، ثقافت، روایات اور قدرتی ماحول سے گہری وابستگی کے باعث پاکستان کی نمایاں مقامی برادریوں میں شمار ہوتی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں، قدرتی وسائل پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے مسائل اس کمیونٹی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
کانفرنس میں لوک رحمت کی شرکت کو کیلاش قوم اور پاکستان کی مقامی آبادیوں کے مسائل کو عالمی ماحولیاتی فورمز پر اجاگر کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ساتویں جنریشن ہائی لیول راؤنڈ ٹیبل میں ان کے خطاب کا ویڈیو کلپ اقوام متحدہ کے سرکاری ویب کاسٹ پر دستیاب ہے، جبکہ مکمل سیشن کی ریکارڈنگ کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى