
گہلشٹ پل کے قریب سلائیڈنگ سے متاثرہ مقام کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت، تعمیراتی کام فوری شروع کرنے کا فیصلہ
اپر چترال( رپورٹ: شہزاد احمد)گہلشٹ پل کے قریب سلائیڈنگ سے متاثرہ مقام کو محفوظ بنانے اور تعمیراتی کام کا فوری آغاز یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر اپر چترال ارشد خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، پراجیکٹ منیجر NESPAK
ابراہیم خان اور صدر پریس کلب اپر چترال نے شرکت کی۔
اجلاس میں متاثرہ مقام کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی کام میں درپیش رکاوٹوں اور فنڈز سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ منیجر نے ڈپٹی کمشنر کو تکنیکی مسائل اور کام کی راہ میں حائل مشکلات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ارشد خان نے معاملے کی سنگینی اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے NHA کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور پراجیکٹ منیجر کو ہدایت کی کہ اجلاس میں طے شدہ نکات کی روشنی میں فوری عملی اقدامات شروع کیے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ NHA کے کنسلٹنٹ سے ضروری تکنیکی تجاویز حاصل کرکے متاثرہ مقام پر حفاظتی دیوار کی تعمیر، ضروری فلنگ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے (Road Diversion) کا انتظام کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ پراجیکٹ منیجر اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تعمیراتی مشینری اور افرادی قوت موقع پر اسٹینڈ بائی رکھی جائے تاکہ ضروری تکنیکی امور کی تکمیل کے بعد کام فوری شروع کیا جا سکے۔ چترال لیویز اور پولیس کے اہلکار بھی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور مسافروں کی حفاظت کے لیے موقع پر اسٹینڈ بائی رہیں گے۔
پراجیکٹ منیجر نے یقین دہانی کرائی کہ اجلاس میں طے شدہ نکات کے مطابق ضروری اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ مقام پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا تاکہ اسے مستقل بنیادوں پر محفوظ گزرگاہ بنایا جا سکے۔
عوامی حلقوں کے مطابق گہلشٹ پل کے قریب سلائیڈنگ سے متاثرہ مقام صرف سڑک کا مسئلہ نہیں بلکہ ہزاروں مسافروں اور مقامی آبادی کی آمدورفت اور سلامتی سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ حکومتِ خیبر پختونخوا اور متعلقہ وفاقی اداروں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے مطلوبہ فنڈز اور تکنیکی وسائل کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے تاکہ کام میں مزید تاخیر نہ ہو اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔
