تازہ ترین

لوئر چترال میں کمسن اور بغیر لائسنس موٹر سائیکل سواروں کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم جاری، متعدد موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لی گئیں

چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال پولیس نے کمسن اور بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف ضلع بھر میں خصوصی مہم تیز کردی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف تھانہ جات کی حدود میں ضلعی پولیس اور ٹریفک وارڈنز نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد کمسن موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان کی موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی نگرانی میں جاری اس مہم کے دوران کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے والدین کو بھی طلب کیا گیا اور انہیں بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دینے، ٹریفک قوانین کی پابندی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر لوئر چترال پولیس نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے کمسن بچوں کو ہرگز موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں، کیونکہ کم عمری میں ڈرائیونگ بچوں سمیت دیگر شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنے بچوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

زر الذهاب إلى الأعلى