
بروغل میں مزید برفباری سے قبل گندم ڈپو قائم کرنے کا مطالبہ، خوراک کا ذخیرہ یقینی بنانے کی اپیل
چترال (چترال ایکسپریس) اپر چترال کی انتہائی دور افتادہ وادی بروغل کے عوام نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (ڈی ایف سی) اپر چترال سے مطالبہ کیا ہے کہ مزید برفباری سے قبل گرین گودام بروغل میں موجود گندم فوری طور پر مقامی آبادی کو فراہم کی جائے تاکہ لوگ بروقت گندم پسوا کر آٹے کی صورت میں ذخیرہ کر سکیں اور شدید سردی و برفباری کے دوران ممکنہ غذائی قلت سے محفوظ رہیں۔
بروغل سے مقامی ذرائع نے ٹیلیفون پر میڈیا کو بتایا کہ وادی میں برفباری شروع ہو چکی ہے، تاہم مقامی پن چکیاں تاحال کام کر رہی ہیں۔ اگر ڈی ایف سی اپر چترال گرین گودام میں موجود گندم بروقت مقررہ قیمت پر عوام کو فراہم کرے تو مقامی لوگ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم پسوا کر آٹا ذخیرہ کر سکتے ہیں۔ بصورت دیگر مزید برفباری کے نتیجے میں پن چکیوں کے منجمد یا بند ہونے سے آٹے کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔اس سلسلے میں سابق ناظم بروغل آمین جان تاجک نے عوامی مطالبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایف سی اپر چترال متعلقہ عملے کو بروغل بھیج کر گرین گودام میں موجود گندم کا ڈپو قائم کرے اور مقامی لوگوں کو گندم کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ شدید برفباری کے دوران انہیں خوراک کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے بھی اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر ضروری اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ وادی بروغل سطح سمندر سے تقریباً 14 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور اس کی سرحد افغانستان کے علاقے واخان سے ملتی ہے۔ موسم سرما میں یہاں تین سے پانچ فٹ تک برفباری ہوتی ہے، جس کے باعث آمدورفت اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی آبادی سردیوں کی شدت میں اضافے اور بھاری برفباری سے قبل خوراک اور ایندھن سمیت ضروری اشیائے زندگی کا ذخیرہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
