
چترال میں ظاہر الحق قتل کیس کا فیصلہ، چار ملزمان کو عمر قید، فی کس دو لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم
چترال (چترال ایکسپریس) ایڈیشنل سیشن جج لوئر چترال آدم خان سلیمان خیل نے ظاہر الحق قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مقتول کے سسرال سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے ہر ملزم کو مقتول کے قانونی ورثاء کو دو، دو لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ آیون میں درج مقدمہ علت نمبر 40/24 کے مطابق شالیدین کے رہائشی ظاہر الحق ولد محمد رحیم کو گہیریت شیڑی کے مقام پر قتل کیا گیا تھا، جسے مبینہ طور پر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی۔ مقتول کے بھائی طاہر خان کی مدعیت میں دفعہ 302 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کی گئی تھی۔
عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران مدعی کی جانب سے حضرت الدین ایڈووکیٹ،
سراج الدین ربانی ایڈووکیٹ اور رضوان اللہ ایڈووکیٹ جبکہ سرکار کی جانب سے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر قائد الاسلام پیش ہوئے، جبکہ ملزمان کی جانب سے سینئر قانون دان عبد الولی خان عابد ایڈووکیٹ نے مقدمے کی پیروی کی۔
ایڈیشنل سیشن جج آدم خان سلیمان خیل نے فریقین کے وکلاء کے دلائل اور مقدمے کے شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 21 نومبر 2026ء کو فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزمان نورینہ بی بی، سلام بی بی، سعید حکیم خان اور گل نسا کو دفعہ 302/34 تعزیرات پاکستان کے تحت قتل کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید بطور تعزیر کی سزا سنائی۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق چاروں مجرمان میں سے ہر ایک کو مقتول کے قانونی ورثاء کو دو لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔ عدم ادائیگی کی صورت میں ہر مجرم کو مزید چھ ماہ قید سادہ بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے ملزمان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کرتے ہوئے انہیں تحویل میں لے کر سنٹرل جیل چترال بھیجنے کا حکم دیا۔
