
لوئر چترال: پاکستان اسٹیٹ آئل ڈپو پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ‘موک ایکسرسائز’ کا انعقاد
چترال (چترال ایکسپریس)موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لوئر چترال میں تمام حساس مقامات کی سکیورٹی کو مزید سخت بنانے اور کسی بھی ناگہانی واقعے سے بروقت نمٹنے کے لیے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) ڈپو میں ایک گرینڈ
موک ایکسرسائز (فرضی مشق) کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مشقیں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن کے خصوصی احکامات پر عمل میں لائی گئیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) لوئر چترال رفعت اللہ خان کی براہ راست نگرانی میں ہونے والی اس کارروائی کی قیادت ایس پی ایلیٹ فورس عتیق الرحمن اور ڈی ایس پی سکیورٹی تمیزالدین نے کی۔
مشقوں میں مختلف فورسز اور اداروں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جن میں درج ذیل شامل تھے:
لوئر چترال پولیس اور ایلیٹ فورس
کوئیک رسپانس فورس (QRF)
ریسکیو 1122
بم ڈسپوزل سکواڈ (BDS)
کے نائن (K9) سکواڈ
فرضی مشق کے دوران تمام متعلقہ اداروں نے انتہائی کم وقت (Response Time) میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ مشق کا مقصد دہشت گردی یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو چیک کرنا تھا۔
موک ایکسرسائز کے اختتام پر افسران نے جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ افسران کا کہنا تھا کہ اس قسم کی مشقیں جوانوں کو ہر وقت الرٹ رکھنے اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
