
پیراگلائڈنگ ایسوسی ایشن کو چترال کے چند مفاد پرست عہدہ داروں نے ہائی جیک کیا۔ایسوسی ایشن بانی ممبران کا پریس کانفرنس
چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) ہندو کُش ایسوسی ایشن فارپیراگلائڈنگ (ہیکاپ)کے بانی ممبران اور عہدہ داروں نے دعوی کیا ہے ۔ کہ بونی میں قائم کردہ اس پیراگلائڈنگ ایسوسی ایشن کو چترال کے چند مفاد پرست عہدہ داروں نے اپنے اثرو رسوخ اور دھوکا دہی کی بنیاد پر ہائی جیک کیا ۔ اور چترال میں پیرا گلائڈنگ کی ترقی کیلئے ملنے والی فنڈ کو خرد برد کرکے اس کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے
خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے بانی ممبران ظہیرالدین بابر ، سید مظفر خان ، جنرل سیکرٹری سرور خان ودیگر نے کہا ۔ کہ ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن اور جملہ دستاویزات بطور ریکارڈ اُن کے پاس موجود ہیں ۔ جس میں واضح الفاظ میں ہیکاپ کی رجسٹریشن بونی کے پتے پر کی گئی ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے جن پر اعتماد کرکے صدر کا عہدہ انہیں تفویض کیا گیا ۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے قواعدکی دھجیاں اُڑا کر نہ صرف ملنے والے فنڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی ۔ بلکہ غیر قانونی طور پر چترال میں اپنے دوستوں کو ایسوسی ایشن میں جگہ دی ۔ اور اصل ممبران کو کو کھڈے لائن لگا دینے کی ناکام کوشش کی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سابق صدر سیف اللہ جان اور شہزادہ فرہاد عزیز مجموعی طور پر ایسو سی ایشن کے بیس لاکھ روپے کے فنڈ ہڑپ کر گئے ہیں ۔ جبکہ یہ فنڈ پائلٹوں کیلئے گلائڈر ز کی خریداری اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ان کے اس اقدام کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ۔ لیکن مذکورہ افراد اپنے اثر و رسوخ اور تعلقات کی بنیاد پر خود کو بچانے میں تاحال کامیاب رہے ہیں ۔ ظہیر الدین نے کہا ۔ کہ سرکاری سطح پر ملی بھگت سے ہم پر دباؤ ڈالنے ، ہراسان کرنے اور پھنسانے کیلئے انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا ۔ لیکن تمام تر عمل خود اُن کے خلاف جانے کی وجہ سے یہ انکوائری روک دی گئی ۔اور کرپشن کے مر تکب عناصر کو بچا لیا گیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اُس انکوائری کو سامنے لایا جائے ۔ تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔ انہوں نے کہا ۔ ہیکاپ اپنا قا نونی حق محفوظ رکھتا ہے ۔ اور ہیکاپ کے نام پر چترال میں پیراگلائڈنگ کا کوئی بھی دوسرا ایسوسی ایشن قانونی طور پر غلط اور قواعد و ضوابط کے خلاف ہے ۔ جبکہ اصل ہیکاپ ایک رجسٹرڈ ایسوسی ایشن ہے۔ جس کا نام ، وسائل اور مراعات کو استعمال کرنے کا حق کسی دوسرے کو نہیں پہنچتا۔
