تازہ ترین

پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جہاں پارٹی کے اندرونی الیکشن ایک نظم وضبط کے تحت منعقد ہورہے ہیں۔صوبائی وزراء

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء امتیاز قریشی (قانون) اور ڈاکٹر امجد افریدی (محکمہ ہاؤسنگ) نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جہاں پارٹی کے اندرونی الیکشن ایک نظم وضبط کے تحت منعقد ہورہے ہیں اور پارٹی عہدیداروں کی چناؤکا کام پارٹی کے کارکنوں کو دیا گیا ہے جوکہ اس کا طرہ امتیاز ہے جبکہ پارٹی کارکن اپنے ووٹ کا استعمال ایسے خطوط پر کریں کہ پارٹی مزید مستحکم ہواور دوسری جماعتوں پر غلبہ حاصل کرے۔ ہفتے کے روز انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنان نے اس بات کو شدت سے محسوس کیا ہے کہ یہ علاقے ترقی کے دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں اورجب تک پارٹی کی صوبائی قیادت یہاں سے منتخب نہیں ہوتی، یہاں سے پسماندگی اور غربت کا خاتمہ آسانی سے ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں پسماندہ علاقوں کے پارٹی کارکنا ن بالخصوص اور عوام بالعموم اس بات کا شدت سے منتظر ہیں کہ اس علاقے میں کوئی سیاسی قیادت آگے آکر علاقے سے احساس محرومی کو ختم کردے گا اور اسی بات کے پیش نظر ہم میدان میں اتر آئے ہیں اور کرک سے ایم پی اے گل صاحب خان خٹک کو صوبائی صدارت کے لئے نامزد کرکے ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں پارٹی کارکنوں سے اس بات میں صلح مشور ے کے لئے حاضر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ملاکنڈ ڈویژن کے کارکنان اس میں ردوبدل بھی کرسکتے ہیں جس کے لئے ہم ان کے ساتھ دیں گے۔ اس موقع پر گل صاحب خان ایڈوکیٹ کے علاوہ پارٹی کے مقامی رہنما ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ ) فرداد علی شاہ، رحمت غازی خان، عبداللطیف ، محمد یعقوب، سلطان محمد،غلام مصطفی ایڈوکیٹ اور دوسروں نے خطاب کرتے ہوئے جنوبی اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن کا مشترکہ اور متفقہ امیدوار سامنے لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعدازاں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزرا نے کہا کہ ان کو ملاکنڈ ڈویژن کے دورے میں منگورہ کے مقام پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے جہاں کارکنان نے ایک تاریخی جلسہ منعقد کرکے اس اتحاد کو کامیاب بنانے کا عہد کیا جس سے ان کا حوصلہ بڑھ گئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بطور صوبائی وزیر ان کی کارکردگی سے لوگ مطمئن ہیں اور کوئی وجہ نہیں ہے کہ ان کے نامزد کردہ امیدوار کو کامیابی نہ ہو۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ذاتی خرچ اور کرائے کے ہیلی کاپٹر پر انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں چترال کا دورہ کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے بعد میں دروش، کشم اور بمبوریت کا دورہ بھی کیا۔


اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ مواد

اترك تعليقاً

إغلاق