
پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ میں گامزن کرنے کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے,ناظمہ طاہرہ عبد الرحیم
چترال(چترال ایکسپریس)مسلم لیگ کے ستائیسویں تاریخی اجتماع کا آغاز 22 مارچ 1940کو ہوا تھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اس دن اپنی اڑھائی گھنٹے کی تقریر میں فرمایاکہ مسلمان کسی بھی تعریف کی رو سے ایک الگ قوم ہے ۔ ہندو اور مسلمان دو مختلف مذہبی فلسفوں اورسماجی عادات سے تعلق رکھتے ہیں ان کا مذہب، عقیدہ اور رسم و رواج الگ ہیں اوروہ ایک الگ وطن چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع چترال کی ناظمہ طاہرہ عبد الرحیم نے یوم پاکستان کے مو قع پر اپنے بیان میں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ قرارداد پاکستان ہی دراصل وہ مطالبہ ہے، جو اسلامی جمہوریۂ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا اور 23 مارچ کا یہ دن ہر سال اہل پاکستان کو اُسی جذبے کی یاد دلاتا ہے، جو قیام پاکستان کا باعث بنا تھا۔ 23 مارچ 1940 پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے
23 مارچ کا دن صرف تقاریر اور تقاریب مقرر کرنے کا دن نہیں بلکہ عملی طور پر وطن عزیز کی مضبوطی اور استحکام کے لیئے کام کرنے کا تجدید عہد کرنےکا دن ہے اسلیے ہم سب کو چاہیے کہ اس دن یہ عہد کریں کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ میں گامزن کرنے کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کو بھی یہی تعلیم دیں گے۔
