
ایون ایس آر ایس پی بجلی گھر کی ناقص صورت حال پر تشویش،چیف ایگزیکٹیو ایس آر ایس پی شہزادہ مسعود الملک کو کمیونٹی کی طرف سے خدمات پیش کرنےکا فیصلہ
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس ) ایون میں یوروپین یونین کے مالی تعاون سے سرحدرورل سپورٹ کے زیر انتظام تعمیر شدہ منی ہائیڈل پاور اسٹیشن میں گذشتہ کچھ عرصے سے جاری بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام میں اٹھنے والی شدید تشویش کے باعث اتوار کے روزایون ریور ان ہوٹل میں علاقے کے عمائدین کا ایک اجلاس زیر صدارت سابق ممبرجندولہ خان منعقد ہوا ۔
جس میں بڑی تعداد میں مقامی عمائدین و صارفین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شرکاء نے اس امر کا اظہار کیا ۔ کہ شہزادہ مسعود الملک نے ایون میں بڑھتے ہوئے بجلی کے مسائل کی وجہ سے کمیونٹی کو ساتھ لےکر اس بجلی گھر کو تعمیر کیا تھا جو کہ 2017 میں اپنی تکمیل سے اچھی پیداوار دے رہا تھا ۔ قدرتی آفات و سردیوں میں پانی کی کمی کے علاوہ کوئی بڑا مسئلہ بجلی کی پیداوار کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنا ۔ لیکن حالیہ سردیوں کے بعد پانی کی مقدار میں اضافےکے باوجود بجلی کی ترسیل میں غیر معمولی رکاوٹ دیکھی جارہی ہے۔ شب وروز غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، بجلی کی آنکھ مچولی سے واسطہ پڑ چکا ہے ۔ بعض مقامات میں بجلی کی پاور 120وولٹ سے کم اور بعض مقامات میں اچانک 400 وولٹ تک اضافے کی وجہ سےلوگوں کے الیکٹرانک کے جملہ سامان ریفریجریٹر، ڈیپ فریزر، واشنگ مشین، ٹیلی وژن ، بلب جل کر لاکھوں کے نقصانات ہو چکے ہیں ۔ معمولی تیز ہوا و بارش میں بجلی تاروں کا جھولنا اور شاخ تراشی نہ ہونے کے سبب بجلی کا شارٹ سرکٹ بھی ایک مستقل مسئلہ ہے ۔ جس کی وجہ سے ویلج کونسل ایون ون کے تمام صارفین میں ایک تشویش پائی جاتی ہے ۔ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا
کہ شاید چیف ایگزیکٹیو ایس آر ایس پی شہزادہ مسعودالملک چترال سے باہر ہونےکی وجہ سے بجلی کے حالات سے لاعلم ہیں ۔ بصورت دیگر وہ اس پر ضرور توجہ دیتے ۔ بجلی گھر منیجمنٹ کمیٹی کے اراکین کو چاہئیے تھا ۔ کہ وہ حالات سے شہزادہ صاحب کو آگاہ کرتے ۔ لیکن انہوں نے بھی اس حوالے سے کوتاہی کی ۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا
کہ بجلی گھرکے بہتر مفاد میں ایون کے مختلف مساجد کی سطح پر لوگوں کی طرف سے نامزد کردہ نمایندگان پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ جو بجلی گھر کے امور کی انجام دہی میں ایس آر ایس پی اسٹاف کی معاونت کرے گا ۔ اور خدانخواستہ کسی قدرتی آفت کی صورت میں صارفین کو اجتماعی بحالی کے کام کی انجام دہی یا پاور ہاوس میں مشینری کی خرابی کی صورت میں اس کو دوبارہ فعال بنانے کے سلسلے میں پاور ہاوس انتظامیہ کی مدد کیلئے کمیونٹی کو موبلائز کرنے میں کردار اداکرے گا ۔ اجلاس میں شہزادہ مسعودالملک کا شکریہ ادا کیا گیا
کہ گذشتہ سردیوں میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو کے دورہ کالاش ویلی کے موقع پر انہوں نے ایک اور بجلی گھر نالا ایون میں تعمیر کرنے کے سلسلے میں ان سے بات کی ہے ۔ اور انشاء اللہ وہ بجلی گھر بھی شرمندہ تعبیر ہو جائے گا ۔ اجلاس میں چیرمین ویلج کونسل ایون ون وجیہ الدین ، سابق ناظم رحمت الہی ،حاجی عبدالرحمن ، عنایت اللہ اسیر ، حاجی خیرالاعظم ، مولانا شیر محمد ،حاجی محمد ظفر ،حریر شاہ ، محمد شاھد ، محکم الدین ، گوہر علی صدر اجلاس جندولہ خان و دیگر نے خطاب کیا ۔
