
ماحول دوست توانائی کے فروغ کیلئے ’’انرجی وائز 2026‘‘ نمائش اختتام پذیر
چترال (چترال ایکسپریس) آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ (AKAH) کے زیرِ اہتمام پریڈ گراؤنڈ چترال میں گرین انرجی کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ نمائش ’’انرجی وائز 2026‘‘ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش میں ماحول دوست توانائی، گرین ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجیز اور عملی
منصوبے پیش کیے گئے۔
اختتامی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) لوئر چترال شاہ عدنان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی ماحول دوست ترقی کے لیے جاری کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پائیدار ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ قابلِ تجدید توانائی کے فروغ سے مقامی آبادی کو درپیش ماحولیاتی مسائل میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
نمائش کی نمایاں خصوصیت مقامی اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کی بھرپور شرکت تھی،
جنہوں نے صاف توانائی، گرین ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مختلف تخلیقی ماڈلز اور عملی منصوبے پیش کیے۔ طلبہ کی جانب سے پیش کردہ منصوبوں کو شرکاء اور ماہرین نے سراہا۔
اختتامی تقریب کے موقع پر مہمانِ خصوصی اے ڈی سی شاہ عدنان اور AKAH کے ریجنل پروگرام مینیجر (RPM) انجینئر الطاف نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور دیگر شرکاء میں انعامات، شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔
اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ ماحول دوست توانائی اور پائیدار ترقی کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ محفوظ، صاف اور پائیدار ماحول کے قیام میں مقامی کمیونٹی کا کردار مزید مضبوط بنایا جاسکے۔
