
اپر چترال: بونی میں تبلیغی اجتماع تمام تر فیوض و برکات کے ساتھ اختتام پذیر
اپر چترال (جمشید احمد)اپرچترال کی خوبصورت وادی بونی میں جاری روح پرور اور پررونق تبلیغی اجتماع تمام تر فیوض و برکات کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اجتماع کے آخری روز اختتامی دعا کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے
کو ملے۔
اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں اہل ایمان اور عقیدت مندوں نے شرکت کی، جہاں جید علمائے کرام اور بزرگوں نے ایمان کی حلاوت، سنتِ رسولؐ کی اتباع، اخلاقِ حسنہ اور آخرت کی فکر پر دلنشین و ایمان افروز بیانات دیے۔ علماء نے حاضرین کو دینِ اسلام کی راہ پر ثابت قدم رہنے اور اپنی زندگیوں کو سنت کے مطابق ڈھالنے کی تلقین کی۔
اجتماع کے آخری روز جید علمائے کرام نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، گناہوں کی معافی، دینِ اسلام کی سربلندی اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی رقت انگیز دعائیں کروائیں۔ اس موقع پر پورا پنڈال اور وادی بونی کی فضائیں “آمین” کی صداؤں سے گونج اٹھیں اور ہزاروں فرطِ جذبات سے زار و قطار روتے ہوئے اللہ کے حضور سر بسجود رہے۔ دعا کے بعد کثیر تعداد میں دینی جماعتیں بھی راہِ خدا میں روانہ ہوئیں۔
