اپر چترال کے عوام این ایچ اے کی خراب اور مایوس کن کارکردگی سے انتہائی مایوس اور دلبرداشتہ ہوگئے ہیں۔محمد سید خان لال
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس ) اپر چترال جے یو آئی کے سینئر لیڈر اور سابق ممبر تحصیل کونسل مستوج ریٹائرڈ ڈی پی او محمد سید خان لال نے حکومت کو خبر دارکیا ہے کہ چترال بونی روڈ پر عملی طور پر کام شروع نہ ہونے کی صورت میں حکومت جشن شندور کو منعقد کرنے کا خیال بھی دل میں نہ لائے کیونکہ اپر چترال کے عوام این ایچ اے کی خراب اور مایوس کن کارکردگی سے انتہائی مایوس اور دلبرداشتہ ہوگئے ہیں۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ چترال شہر سے بونی تک پہلے سے تیار اعلیٰ معیار کی تارکول کاکام اکھاڑ کر انہیں جس عذاب میں ڈال دیا گیا ہے، وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپر چترال کے عوام اپنے ساتھ یہ مذاق کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے کہ حکومت ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈال دے اور انہیں سڑک کی سہولت سے محروم کردے۔ انہوں نے کہاکہ چترال بونی اور بونی شندور روڈ اور ساتھ ساتھ بونی بزند روڈ موجودہ حکومت کے لئے شرم کی باعث ہیں جن پر کام یہ تو انتہائی غیر معیاری ہے یا انتہائی سست رفتاری سے جاری ہیں اور یا تو مکمل طور پر بند ہیں۔ محمد سید خان لال نے کہاکہ عوامی دباؤ پر چترال بونی روڈ میں چند مقامات پر علامتی کام شروع کرکے عوام کی جذبات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی حقیقت کو سب جانتے ہیں اوروہ اب مزید کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ محمد سید خان لال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپنے حقوق کے لئے اپر چترال کے عوام تمام سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں اور وہ روڈ پراجیکٹ پر سمجھوتہ کرنے کو کسی بھی طرح تیار نہیں اور وہ جشن شندور کی اجازت اس وقت تک نہیں دے سکتے جب تک اس روڈ پر کام صحیح معنوں میں شروع نہ ہو۔