ای کامرس، پاکستان ٹریڈ پورٹل اور خصوصی طور پر ایمازون کے حوالے سے ٹریننگ
چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ،ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے گورنمنٹ کامرس کالج چترال میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ،ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے گورنمنٹ کامرس کالج چترال میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی ورکشاپ میں عمومی طور پر ای کامرس اور پاکستان ٹریڈ پورٹل اور خصوصی طور پر ایمازون کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی۔
ٹریننگ کے شروع میں چترال چیمبر آف کامرس کے نائب صدر ڈاکٹر نذیر احمد نے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ سڑکوں کے مخدوش حالات کے باوجود اس تربیتی ورکشاپ کے لیے چترال تشریف لائے۔ انہوں نے گورنمنٹ کامرس کالج چترال کے وائس پرنسپل اجمل سعید کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ چترال چیمبر آف کامرس کے پروگرامات کے لیے ہال کے استعمال کی منظوری دے دی۔ انہوں نے چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اعراض و مقاصد سے بھی شرکاء کو اگاہ کیا۔
گورنمنٹ کامرس کالج چترال کے قائم مقام پرنسپل اجمل سعید نے بھی ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور اس امر پر زور دیا کہ چترال جیسے پسماندہ علاقے میں روزگار کے مواقع بہت کم ہیں اور ای کامرس یا ڈیجیٹل کاروبار ہی وہ واحد مواقع ہیں جو چترال کی قسمت کو بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے اس طرح کے پروگرام کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل سکلز سکھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے گورنمنٹ کامرس کالج چترا ل کے فیکلٹی ممبران کو بھی ٹریننگ آف ٹرینرز کے طرز پر تربیتی پروگرام کا حصہ بنانے کو ایک بہتر حل قرار دیا تاکہ علم کو اگلے نسل تک منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان عادل مختار نے ایمازون پر رجسٹریشن اور پروڈکٹ لسٹنگ کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی اور بتایا کہ ایمازون پر کاروبار کرنا انتہائی منافع بخش ہے اور پوری دنیا اس سے کما رہی ہے۔ انہوں نے رجسٹریشن کے طریقہ کار کو تفصیلا بیان کیا اور پروڈکٹ لسٹنگ کے طریقہ کار کو بھی تفصیل سے سمجھا دیا۔
پروگرام کے درمیانی حصے میں عامر خان اے ایم ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے ایمازون میں ادائیگی کے طریقہ کار اور لوجسٹک اسٹریٹجی کے حوالے سے پریزنٹیشن دی اور شرکاء کے سوالوں کے جوابات دئیے۔
آخر میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے اس پروگرام کے مستقبل کے اہداف اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر انتظام چلنے والے پاکستان ٹریڈ پورٹل حوالے سے بات کی۔