معرکہ حق اینڈ انڈپینڈنس ڈے 2025′ میں نوجوانوں کے فن پارے، لائیو پینٹنگ اور کیلیگرافی کے مظاہرے
چترال ( فتح اللہ) ضلعی یوتھ آفس لوئر چترال اور چترال اسٹوڈنٹ ویلفیئر آرگنائزیشن (CSWO) کے باہمی تعاون سے یومِ آزادی 2025 کی مناسبت سے “معرکہ حق اینڈ انڈپینڈنس ڈے 2025” کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں یوتھ سمٹ چترال (YSC) اور یونیورسٹی آف چترال نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اور کمیونٹی کے معزز اراکین کے علاوہ
نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نوجوان شرکاء نے اپنے فن، تخلیقی صلاحیت اور حب الوطنی کے جذبے سے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اس موقع پر فن پاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ لائیو پینٹنگ اور کیلیگرافی کے مظاہرے بھی ہوئے۔ کیلیگرافی مقابلے میں اردو کیٹیگری میں زاہد علی شاہ اور انگلش کیٹیگری میں رخسانہ بی بی نے کامیابی حاصل کی، جبکہ لائیو پینٹنگ کے شعبے میں امائمہ نے شائقین کی بھرپور داد سمیٹی۔
مقررین نے کہا کہ یہ تقریب اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ چترال کے نوجوان فنی مہارت کے ساتھ ساتھ اپنے ملک، ثقافت اور شناخت سے بھی گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ ضلعی یوتھ آفس اور CSWO کے اشتراک سے فراہم کردہ یہ پلیٹ فارم تخلیقی صلاحیت اور حب الوطنی کو یکجا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوا۔
