لوئر چترال،سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کے لئے’بچوں کی تربیت میں والدین کے کردار’پر پانچ روزہ تربیتی پروگرام
چترال (چترال ایکسپریس)سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کے لئے’بچوں کی تربیت میں والدین کے کردار'(Art of parenting)پر پانچ روزہ تربیتی پروگرام چترال میں شروع ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد ہاشم عظیم مہمان خصوصی تھے۔ اس پروگرام کا انقعاد ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا، آغا خان فاونڈیشن، قائداعظم یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت ہورہا ہے جس میں آغوش پروگرام کے تحت پیدائش سے 9سال تک کے جبکہ9سے لے کر 18سال تک بچوں کے حوالے سے ‘پرورش پروگرام’کے تحت الگ الگ تربیت دی جارہی ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال نے تربیت کے موضوع کو قوم کی مستقبل کے لئے انتہائی سودمند اور ناگزیر ضرورت قرار دیتے ہوئے کہاکہ بحیثیت قوم آگے بڑھنے کے لئے ہمیں تعمیر سیرت پر جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وہ چترال میں چارج سنھبالنے کے ایک ماہ کے اندر اندر اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ایک پروگرام مرتب کرنے میں مصروف ہے جس میں بچوں کی تعمیر سیرت کے لئے نصاب تیار کی جارہی ہے جسے پرائمری کلاسوں میں پڑہائے جائیں گے تاکہ اعلیٰ اخلاقی اقدار اور انسانی خصائل ان کے ذہنوں میں منقش ہوں۔ انہوں نے کہاکہ نصاب کے موضوعات کے ذریعے بچوں کو تعمیر سیرت، اچھے روایات اور تہذیب، زندگی گزارنے کے اسکلز، ماحولیات کی اہمیت اور قدرتی افات کے بارے سیکھائے جائیں گے۔
اس سے قبل آغا خان فاونڈیشن کے ایڈوائزر ڈاکٹر قیوم علی نے ٹریننگ کے مقاصد، قائد اعظم یونیورسٹی کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائیکالوجی کے ڈاکٹر رائحہ آفتاب نے پرورش پروگرام اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے محمد اطہر نے آغوش پروگرام کی تربیتی مینیول پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے محمد کاشف ارشاد نے تربیتی پروگرام کی اہمیت اور ضرورت بیان کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
