
چترال لوئر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینئر کی سیٹ سات ماہ سے خالی، عوام و کنٹریکٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا
چترال (چترال ایکسپریس) چترال لوئر میں لوکل گورنمنٹ آر ڈی ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینئر کی سیٹ گزشتہ سات ماہ سے خالی پڑی ہے، جس کے باعث محکمہ کے انتظامی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ عوام، کنٹریکٹر حضرات اور متعلقہ اسٹاف کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ویلج کونسل سنگور کے چیئرمین امین الرحمن شاہمیر نے
اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس اہم مسئلے کو متعدد بار ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، وزیر تعمیرات اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نوٹس میں لایا گیا، تاہم تاحال چترال لوئر میں مستقل اور بااختیار اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینئر تعینات نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ عہدہ خالی ہونے کے باعث عوامی دستاویزات، ترقیاتی منصوبوں، سبسڈی اور دیگر اہم انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ مزید برآں، سینئر اے ڈی لوکل گورنمنٹ کا سیکشن بھی گزشتہ سات ماہ سے بغیر سیکشنل آفیسر کے چل رہا ہے، جس کے باعث محکمانہ نظام تقریباً مفلوج ہو چکا ہے۔
امین الرحمن شاہمیر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چترال لوئر میں فوری طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینئر تعینات کیا جائے تاکہ محکمہ کے انتظامی امور بہتر انداز میں چل سکیں اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو تمام متاثرہ فریق بھرپور احتجاج کریں گے، معاملہ میڈیا کے سامنے اٹھایا جائے گا اور قانونی و جمہوری اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت آج ہی اس مسئلے کا مستقل حل نکالنے کے لیے عملی اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
