
بنوں چوکی حملے کے شہداء کے ایصالِ ثواب کیلئے پولیس لائن لوئر چترال میں قرآن خوانی و خصوصی دعا
چترال (چترال ایکسپریس) جامع مسجد پولیس لائن لوئر چترال میں بنوں چوکی حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پولیس افسران، جوانوں اور
دیگر اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے شہدائے بنوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے امن و استحکام کے لیے پولیس فورس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ مقررین نے شہداء کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
قرآن خوانی کے دوران شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل، زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی اور ملک میں پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
