
بروم اوویر: 300 سے زائد طلبہ کے لیے ڈیجیٹل اسکلز، AI اور ماحولیاتی تبدیلی پر خصوصی آگاہی سیشن
اپرچترال(شہزاد احمد) ضلع یوتھ آفس اپر چترال نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے باہمی تعاون سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بروم، اوویر ویلی میں نوجوانوں کے لیے ایک خصوصی آگاہی و رہنمائی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں 300 کے قریب طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
سیشن کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے آگاہ کرنا تھا۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اے آئی (AI) ریسرچر اور فوکل پرسن ضلع یوتھ آفس انیس الرحمن نے کہا کہ ڈیجیٹل مہارتیں اور مصنوعی ذہانت تعلیم، فری لانسنگ، روزگار اور تحقیق میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں، اس لیے طلبہ جدید ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کر کے اپنی صلاحیتیں نکھاریں۔
ٹریننگ آفیسر AKAH زاہد علی نے
موسمیاتی تبدیلی کے پہاڑی علاقوں، زراعت اور پانی کے وسائل پر اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو ماحول کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کی تاکید کی۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کے لیکچرر احتشام الدین نے تعلیم، تنقیدی شعور اور معاشرتی ترقی میں نوجوانوں کے فعال کردار پر زور دیا۔
پروگرام کے اختتام پر پرنسپل شاہد الرحمن نے تمام مہمانوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جبکہ تعلیمی و دیگر شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ایسے سیشنز کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
