
انتظامیہ نے ٹاؤن ہال کو تالا لگا دیا، پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کا مقام شاہی قلعہ منتقل
ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کے اجلاس سے قبل ہال کی سیلنگ پر پی ٹی آئی کا شدید احتجاج، سیاسی انتقام کا الزام
چترال (چترال ایکسپریس)اسلام آباد لانگ مارچ کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چترال کی جانب سے طلب کردہ اہم ورکرز کنونشن اور مشاورتی اجلاس سے قبل ہی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے ٹاؤن ہال چترال کو سیل کر کے تالا لگا دیا۔ اس اہم اجلاس میں صوبائی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر اور اپر چترال سے نومنتخب رکنِ صوبائی اسمبلی ثریا بی بی نے خصوصی شرکت کرنا تھی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چترال نے آئندہ کے لائحہ عمل اور اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ٹاؤن ہال میں ورکرز کنونشن طے کر رکھا تھا، جس کے لیے ضلع بھر سے کارکنان کی بڑی تعداد ہال پہنچنا شروع ہو گئی تھی۔ تاہم انتظامیہ نے سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو جواز بناتے ہوئے اچانک ہال کو تالا لگا کر رہنماؤں اور کارکنوں کو اندر جانے سے روک دیا۔
ٹاؤن ہال کی بندش کے بعد پی ٹی آئی کی مقامی قيادت نے فوری طور پر اجلاس کا مقام تبدیل کر دیا۔ مقامی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انتظامیہ کی اس رکاوٹ کے بعد اب یہ مشاورتی اجلاس ‘شاہی قلعہ چترال’ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ شاہی قلعہ لوئر چترال سے پی ٹی آئی کے رکنِ صوبائی اسمبلی اور ضلعی صدر فاتح الملک علی ناصر کی رہائش گاہ ہے، جو اس وقت جیل میں قید ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی آمد کے موقع پر انتظامیہ کے اس اقدام اور ضلعی صدر کی غیر موجودگی میں ہال کو سیل کرنے پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے شدید تحفظات اور غصے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے انتظامیہ کے اس رویے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دوسری جانب شاہی قلعہ میں متبادل بنیادوں پر اجلاس کے انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں تاکہ لانگ مارچ اور دیگر تنظیمی امور کو حتمی شکل دی جا سکے۔
