
حیات آباد نارتھ ویسٹ ہسپتال ہاسٹل واقعہ: متوفیہ کے لواحقین نے تمام قیاس آرائیوں کو رد کر دیا، پولیس تحقیقات سے مکمل اطمینان کا اظہار
چترال (چترال ایکسپریس)نارتھ ویسٹ ہسپتال پشاور کے ہاسٹل میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے حوالے سے سید اولاد الدین شاہ نے پولیس اور دیگر انتظامی اداروں کی شفاف اور تیز ترین تحقیقات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خبروں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی تمام افواہوں و قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔
سید اولاد الدین شاہ کی جانب سے جاری کردہ ایک وضاحتی بیان میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پشاور، سی سی پی او پشاور، کمشنر پشاور ڈویژن، ڈی ایس پی حیات آباد اور ایس ایچ او تھانہ حیات آباد تیمور سلیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کام کرتے ہوئے بہت کم وقت میں کیس کی حقائق پر مبنی چھان بین مکمل کی۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ متوفیہ کے لواحقین نے پوسٹ مارٹم رپورٹ، موبائل فرانزک اور کال و میسجز ریکارڈ کا خود باریک بینی سے جائزہ لیا ہے۔ تمام شواہد اور قانونی دفتری عمل سے یہ بات مکمل طور پر ثابت ہو چکی ہے کہ یہ نہ تو قتل کا واقعہ تھا اور نہ ہی متوفیہ کو کسی قسم کی بلیک میلنگ یا کسی دوسرے فرد کی جانب سے کسی عمل پر مجبور کیا گیا تھا۔
سید اولاد الدین شاہ کے مطابق یہ ایک انتہائی جذباتی اور نفسیاتی مرحلے میں لیا گیا فوری اقدام تھا، اور یہ تمام واقعہ محض ۳۰ منٹ کے مختصر دورانیے میں پیش آیا۔ پولیس نے ٹھوس سائنسی و قانون الشواہد کی بنیاد پر اس واقعے کو خودکشی قرار دیا ہے، جس سے خاندان مکمل طور پر متفق اور مطمئن ہے۔
انہوں نے مشکلات کی اس گھڑی میں ساتھ دینے اور آواز اٹھانے پر نرسنگ فورم، وکلاء برادری اور تمام سماجی کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام حلقوں سے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔
