
شاہد علی خان یفتالی کا اپر چترال پولو ایسوسی ایشن کے انتخابات سے متعلق سوشل میڈیا پروپیگنڈے پر وضاحتی بیان
چترال (چترال ایکسپریس)معروف قانون دان شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ نے اپر چترال پولو ایسوسی ایشن کے حالیہ انتخابات میں اپنی شرکت اور امکانی امیدوار ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں اور افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں سراسر بے بنیاد، غلط اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
ایک جاری کردہ وضاحتی بیان میں شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ
نے واضح کیا کہ اپر چترال ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہونے والے پولو ایسوسی ایشن کے الیکشن کے وقت وہ پشاور میں موجود تھے اور انہوں نے ان انتخابات میں بطور امیدوار حصہ نہیں لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے الیکشن کے انعقاد سے قبل ہی اپنا باضابطہ دستبرداری کا خط (Withdrawal Letter) متعلقہ ریٹرننگ آفیسر اور انتظامی حکام کو ارسال کر دیا تھا، جو سرکاری ریکارڈ میں موجود ہے اور حکام کے علم میں بھی ہے۔
شاہد علی خان یفتالی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ غلط تاثر پھیلايا جا رہا ہے کہ انہوں نے الیکشن میں حصہ لیا یا وہ انتخابی عمل کا حصہ رہے۔ چونکہ وہ الیکشن کے روز چترال میں موجود ہی نہیں تھے، اس لیے الیکشن لڑنے یا اس میں شرکت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے معزز عوام اور متعلقہ تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں اور کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے قبل انتظامیہ و متعلقہ حکام سے اس کی تصدیق ضرور کریں۔ انہوں نے اپنے بارے میں پھیلائی جانے والی تمام غلط اور بے بنیاد خبروں کی مکمل طور پر تردید کی۔
