
لوئر چترال پولیس کی کم عمر موٹر سائیکل سواروں، بغیر لائسنس ڈرائیونگ اور غیر قانونی فلیش لائٹس کے خلاف کارروائیاں
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی مہم جاری ہے، جس کے تحت کم عمر موٹر سائیکل سواروں، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چلانے والوں اور موٹر سائیکلوں پر غیر قانونی فلیش لائٹس نصب کرنے والے افراد کے خلاف
کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق انچارج ٹریفک وارڈن پولیس ایس آئی جنگ باز خان کی نگرانی میں ٹریفک وارڈنز مختلف مقامات پر چیکنگ کر رہے ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ حادثات کی روک تھام بھی ممکن بنائی جا سکے۔
لوئر چترال پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ڈرائیونگ کے دوران احتیاط برتیں اور اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں پولیس سے تعاون کریں۔
