تازہ ترین

چترال میں کان کنی پر پابندیاں ختم کی جائیں، ہزاروں خاندانوں کا روزگار خطرے میں ہے، بشیر احمد خان

چترال (چترال ایکسپریس) چترال مائن اونرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر بشیر احمد خان نے گورنر خیبر پختونخوا، وزیر معدنیات، سیکرٹری معدنیات اور کور کمانڈر پشاور سے اپیل کی ہے کہ چترال میں کان کنی کے شعبے پر عائد مبینہ سخت اور غیر ضروری پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں، کیونکہ ان کے بقول ان پابندیوں کے باعث مقامی معیشت بحران کا شکار اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار خطرے میں پڑ گیا ہے۔

چترال پریس کلب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مائننگ سیکٹر علاقے کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت میں کمی لانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، تاہم حکومتی و انتظامی پابندیوں کے باعث یہ شعبہ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

بشیر احمد خان نے کہا کہ چترال کے مختلف علاقوں میں ہزاروں مقامی افراد کان کنی کے شعبے سے بطور دیہاڑی دار مزدور وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق پابندیوں کے باعث کانوں میں کام بند ہو گیا ہے، جبکہ گرین مائننگ کے ذریعے نکالے گئے معدنی مواد کو ضلع سے باہر منتقل کرنے پر پابندی نے مزدوروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو مزدور خاندانوں کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے لیے آمدنی کے ذرائع محدود ہونے سے علاقے میں معاشی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

مائن اونرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں نے کان کنی کے شعبے میں مشینری، مزدوروں اور لیزنگ پر بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے، لیکن اچانک پابندیوں کے نفاذ سے ان کی سرمایہ کاری پھنس کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں موجودہ سرمایہ کار چترال سے اپنا سرمایہ نکال سکتے ہیں، جبکہ نئے سرمایہ کاروں کی آمد بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بشیر احمد خان نے کہا کہ چترال میں مائننگ سیکٹر کے فروغ سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے اور غربت میں کمی لانے کی صلاحیت موجود ہے، لیکن موجودہ پابندیاں اس شعبے کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کان کنی کے شعبے سے وابستہ مزدوروں، سرمایہ کاروں اور مقامی کاروبار کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے، پابندیوں پر نظرثانی کی جائے اور مائننگ سیکٹر کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔