
خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ (KP-RETP) کی ٹیم کا آیون پی ایف سی او کا باضابطہ دورہ
چترال (چترال ایکسپریس) خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ (KP-RETP) پی ایم یو چترال کے ریجنل کوآرڈینیٹر شفیق اقبال، بجٹ اینڈ فنانس آفیسر ناصر شاہ اور ایم اینڈ ای آفیسر عمر مقصود نے جمعرات کے روز آیون پی ایف سی او (PFCO) کا دورہ کیا۔ دفتر کے قیام کے بعد پراجیکٹ ٹیم کا یہ پہلا باضابطہ دورہ تھا۔
دورے کے موقع پر آیون پی ایف سی او کے جنرل سیکرٹری محکم الدین نے
وفد کو تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے ادارے کے دائرہ کار، آیون کی آبادی، زیرِ کاشت اراضی، نقد آور فصلوں، پھلوں و سبزیوں کی پیداوار اور علاقے کی زرعی، کاروباری اور سیاحتی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بزنس ڈویلپمنٹ فنڈ کی دستیابی کی صورت میں ان قدرتی وسائل کو بزنس پلان کے مطابق بروئے کار لا کر بہترین کاروباری اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آیون سبزیات کی کاشت اور تجارت کا ایک اہم مرکز (بزنس حب) بن چکا ہے، جبکہ کالاش ویلیز کا گیٹ وے ہونے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمدورفت کے باعث یہاں تازہ میوہ جات اور خشک میوہ جات کی مارکیٹنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر
خطاب کرتے ہوئے ریجنل کوآرڈینیٹر KP-RETP یونٹ چترال شفیق اقبال نے مناسب مقام پر دفتر کے قیام اور علاقے کے حوالے سے جامع معلومات کی فراہمی پر آیون پی ایف سی او کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چترال بھر کے تمام پی ایف سی اوز کو اس طرح کی پیشکش کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ مقامی وسائل، درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل کی نشاندہی کرتے ہوئے زرعی کاروبار کو فروغ دیا جا سکے۔ فنڈز کے اجراء کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پی ایف سی اوز کو فنڈز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور کئی تنظیموں کو فنڈز مل چکے ہیں، تاہم صوبے کے معروضی حالات کے باعث بعض تنظیموں کے فنڈز عارضی طور پر روکے گئے ہیں جنہیں بتدریج بحال کر کے جاری کر دیا جائے گا۔
دورے کے دوران بجٹ اینڈ فنانس آفیسر ناصر شاہ اور ایم اینڈ ای آفیسر عمر مقصود نے ادارے کے تمام دفتری و مالی ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ جانچ پڑتال کے بعد افسران نے ریکارڈ پر اطمینان کا اظہار کیا اور امور میں مزید بہتری لانے کے لیے متعلقہ اسٹاف کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
