
چترال میں جمعیت علمائے اسلام کی بیشتر ضلعی قیادت گرفتار،
چترال (چترال ایکسپریس) مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی کے بعد ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کے خلاف گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جمعہ کے روز احتجاجی جلسے سے قبل ہی چترال میں جے یو آئی کی ضلعی قیادت کے متعدد اہم رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ہونے والوں میں ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن، سینئر نائب امیر قاری جمال عبدالناصر، جنرل سیکریٹری حاجی عبدالمجید، سیکریٹری اطلاعات نصرت الٰہی سمیت جمعیت کے سابق عہدیداران بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب جے یو آئی کی مرکزی قیادت کی جانب سے جمعرات سے جاری احتجاجی سلسلے کو جمعہ کی صبح جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم جمعہ کی نماز کے بعد ایک نئے نوٹیفکیشن کے ذریعے احتجاجی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
قیادت کی گرفتاریوں کے باوجود احتجاجی تحریک کے دوبارہ آغاز کے اعلان سے چترال میں بھی سیاسی سرگرمیاں جاری رہنے کا امکان ہے۔
