
اپر چترال کے علاقے چپالی میں خاتون کی پُراسرار موت، اہلِ خانہ کا قتل کا شبہ، شفاف تحقیقات اور ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ
اپرچترال (چترال ایکسپریس) اپر چترال کے علاقے چپالی میں ایک خاتون کی پُراسرار موت کے واقعے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ مرحومہ کے اہلِ خانہ نے موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے قتل کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور پولیس سے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ایف آئی آر کے اندراج کا مطالبہ کیا ہے۔
مرحومہ کے بھائی سید وقار الدین شاہ کے مطابق ان کی بہن 23 نومبر 2026 کو وفات پا گئیں، تاہم اہلِ خانہ کو شبہ ہے کہ یہ نہ طبعی موت تھی اور نہ ہی خودکشی۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعے کے حالات اور دستیاب معلومات کئی شکوک و شبہات کو جنم دے رہے ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کی شادی کو تقریباً 20 سال گزر چکے تھے اور ان کے پانچ بچے ہیں۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ گزشتہ ساڑھے تین سال سے مرحومہ کو اپنے والد کے گھر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ سسرال والے مرحومہ کی بیماری کا دعویٰ کرتے رہے، تاہم انہیں علاج یا طبی معائنے کے لیے کسی ہسپتال نہیں لے جایا گیا۔
مرحومہ کے اہلِ خانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہو سکتا ہے، تاہم ان الزامات کی تصدیق تحقیقات اور طبی و فرانزک شواہد سے ہی ممکن ہے۔
خاندان نے مطالبہ کیا ہے کہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے تمام دستیاب شواہد محفوظ کیے جائیں، مرحومہ کے شوہر سمیت تمام متعلقہ افراد سے تفتیش کی جائے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے پر اس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ ضرورت پڑنے پر فرانزک ماہرین اور میڈیکل بورڈ کی رائے بھی حاصل کی جائے۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ دعویداری کے باوجود پولیس تاحال ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی جرم کے شواہد سامنے آئیں تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
