
مسلم لیگ (ن) لوئر چترال کا اہم اجلاس، قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار
چترال (عبدالغفار) پاکستان مسلم لیگ (ن) لوئر چترال کا ایک اہم اجلاس ضلعی رہنما مظفرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے مرکزی اور
صوبائی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر میاں محمد نواز شریف، میاں شہباز شریف، انجینئر امیر مقام اور ضلعی صدر عبد الولی خان عابد کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی صدر کی قیادت میں پارٹی مزید منظم اور فعال ہو چکی ہے، جبکہ کارکنان میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی کو نچلی سطح تک مضبوط بنایا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ چترال کے عوام کی امیدیں مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں اور پارٹی مستقبل میں عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ چترال کے دونوں اضلاع میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اجلاس کے دوران یہ بھی واضح کیا گیا کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کی گروپ بندی موجود نہیں ہے اور تمام رہنما و کارکن ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔
اس موقع پر ضلعی صدر عبد الولی خان عابد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی کارکنان مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں اور کارکنوں کے فیصلوں کا ہر صورت احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کارکنان کی عزت اور مشاورت کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔
