
چترال میں “شامِ افضل” کے عنوان سے شاندار ادبی و موسیقی کی محفل، نوجوان شعراء نے خوب داد سمیٹی
چترال (چترال ایکسپریس) ناندوشی میوزیکل گروپ، صریر خامہ ادبی تنظیم اور سوشل بوسٹ کے باہمی اشتراک سے چترال کے معروف شاعر، موسیقار اور چار کتابوں کے مصنف افضل اللہ افضل کے اعزاز میں “شامِ افضل” کے عنوان سے ایک پروقار محفلِ مشاعرہ اور موسیقی کی تقریب
مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں نوجوان شعراء، ادبی شخصیات اور شعر و ادب سے شغف رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پریس کلب اپر چترال کے صدر محمد علی مجاہد جبکہ صدرِ محفل انجمن ترقی کھوار چترال کے مرکزی صدر شہزادہ تنویرالملک تھے۔ نظامت کے فرائض عمر خیال اور محمد فیصل شایان نے انجام دیے۔
محفلِ مشاعرہ میں چترال بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان شعراء نے اپنا کلام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ شعراء میں محمد عباس، میر مزمل احمد، حسنین ذین، جہانزیب احمد، بابر حمزہ، اعجاز احمد غمگین، وسیع اللہ وسیع، ثناء اللہ زہری، رضاء اللہ رضاؔ، عباس ذوق، احتشام احتی، مشہود شاہد، ادریس ہمدرد، شجاع رئیس شینجور ژالی، نوید سحر، علی ظفر ظفر، اسماعیل الرحمن رحمانی، عباس ذوق، سراج الدین ساحل، ذوالقرنین احمد قرنی، خورشید قصوری، سید نذیر حسین شاہ نذیر، عمر حیات راسخ، شرافت خان شرافت، شہزاد احمد شہزاد، فیضان علی فیضان، سید کائناتی، حفیظ اللہ امین، الطاف حسین خیاب، سجاد عالم ساغر، سعادت حسین مخفی، افضل اللہ افضل اور دیگر شعراء
شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی محمد علی مجاہد، صدرِ محفل شہزادہ تنویرالملک اور دیگر مقررین نے افضل اللہ افضل کی ادبی خدمات، منفرد شاعری اور کھوار ادب کے فروغ کے لیے ان کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ افضل اللہ افضل کی شاعری نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے جبکہ ان کی تخلیقات چترال کی ثقافت، روایات اور احساسات کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔
اپنے خطاب میں افضل اللہ افضل نے تقریب کے انعقاد پر ناندوشی میوزیکل گروپ، صریر خامہ ادبی تنظیم، سوشل بوسٹ اور دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے ادبی پروگرام شعراء کی حوصلہ افزائی اور ادب و شاعری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب میں پراجیکٹ منیجر مسلم ایڈ سلیم الدین، ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان جاوید اقبال جاوید، کوآرڈینیٹر ہیلپنگ ہینڈ شجاع الحق، قاری محمد فدا، فرید احمد رضا، وائس پرنسپل شاہد جلال، کوآرڈینیٹر آغا خان ایجوکیشن سروس عطا حسین اطہر سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
بعد ازاں محفلِ موسیقی میں انصار علی نغمانی اور ان کی ٹیم نے افضل اللہ افضل اور دیگر شعراء کے کلام کو منفرد انداز میں پیش کرکے محفل کو مزید رنگین اور یادگار بنا دیا۔
