
لوئر چترال پولیس کی جانب سے معرکۂ حق (بنیان مرصوص) کے حوالے سے شاندار ریلی
چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال میں معرکۂ حق (بنیان مرصوص) کے حوالے سے لوئر چترال پولیس کے زیرِ اہتمام ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا مقصد افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا اور قومی سلامتی کے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
ریلی میں
ایس پی ایلیٹ فورس عتیق الرحمن نے خصوصی شرکت کی، جبکہ دیگر افسران میں ایس ڈی پی او سرکل چترال سجاد حسین، انسپکٹر علی احمد، انسپکٹر قربان پناہ، ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال ایس آئی بلبل حسن، ایس آئی امان اللہ، لائن آفیسر اے ایس آئی فضل کریم، انچارج ٹریفک وارڈن پولیس اے ایس آئی جنگ باز خان سمیت پولیس جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی پولیس لائن چترال سے شروع ہوئی اور اتالیق پل پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
مقررین نے اس موقع پر کہا کہ معرکۂ حق ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جس میں شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات اور ریلیوں کا مقصد عوام میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے جذبے کو مضبوط بنانا ہے۔
ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
