
ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن کا اپر چترال پولیس لائن کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
اپر چترال (چترال ایکسپریس)ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن جناب فدا حسن نے اپر چترال پولیس لائن کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال حمید اللہ نے ان کا پرتپاک استقبال
کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، ایس پی انویسٹیگیشن اپر چترال سمیت پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ریجنل پولیس آفیسر کو روایتی انداز میں خوش آمدید کہا گیا اور انہیں چترالی چوغہ اور چترالی ٹوپی پہنائی گئی۔
بعد ازاں ایک تعارفی نشست منعقد ہوئی جس میں ضلع اپر چترال کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، پولیس کی کارکردگی اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران آر پی او فدا حسن نے ڈی پی او آفس سمیت پولیس لائن کی مختلف برانچوں کا معائنہ کیا اور پولیس لائن کے اطراف سکیورٹی انتظامات سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے انہیں ضلع میں جاری سکیورٹی اقدامات اور پولیس فورس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
ریجنل پولیس آفیسر نے پولیس فورس کے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے سکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
