
مولانا جاوید حسین کا اپر چترال کے ڈگری کالجز کے لیے بسوں اور علیحدہ تعلیمی بورڈ کے قیام کا مطالبہ
اپر چترال(ذاکر محمد زخمی)سابق امیر جماعتِ اسلامی اپر چترال مولانا جاوید حسین نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اپر چترال اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج اپر چترال کے طلبہ و طالبات کے لیے کالج بسوں کی فراہمی کا مطالبہ کردیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں
انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دونوں کالجز چونکہ رہائشی علاقوں سے کافی فاصلے پر واقع ہیں، اس لیے طلبہ و طالبات کو روزانہ کالج آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور محفوظ سفری سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں، لہٰذا فوری طور پر کالج بسوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
مولانا جاوید حسین نے صوبائی حکومت اور Board of Intermediate and Secondary Education Peshawar کی انتظامیہ سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اپر چترال کے طلبہ و طالبات کی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد اپر چترال میں بی آئی ایس ای پشاور کا مکمل کیمپ آفس قائم کیا جائے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر کیمپ آفس کا قیام ممکن نہ ہو تو اپر چترال کے لیے علیحدہ تعلیمی بورڈ کے قیام کی منظوری دی جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو امتحانات، اسناد اور دیگر تعلیمی امور کے سلسلے میں درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جاسکے۔
