تازہ ترین

عیدالاضحی ایثار، صفائی اور سماجی ذمہ داری کا پیغام دیتی ہے، ون ویلنگ سے گریز کیا جائے: مولانا خلیق الزمان

چترال (چترال ایکسپریس) خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان نے آج جمعۃ المبارک کے خطبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی صرف خوشیوں اور رسم و رواج کا نام نہیں بلکہ ایثار، قربانی، بھائی چارے اور معاشرتی ذمہ داری کا عظیم پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ قربانی کے گوشت میں غرباء، مساکین، یتیموں اور نادار خاندانوں کا باقاعدہ حصہ مقرر کریں تاکہ عید کی خوشیاں معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے قربانی کے ذریعے محتاج طبقات کی دلجوئی اور اجتماعی ہمدردی کا درس دیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ معاشرے کے کمزور اور محروم افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔

مولانا خلیق الزمان نے شہریوں پر زور دیا کہ قربانی کے بعد آلائشیں، فضلہ اور گندگی محلوں، گلیوں اور بازاروں میں پھینکنے سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے اپیل کی کہ صفائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے قربانی کے فضلات کو مناسب طریقے سے شہر سے باہر مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگایا جائے تاکہ تعفن، بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور اسلامی تعلیمات ہمیں پاکیزگی و نظافت کا خصوصی حکم دیتی ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں اور کم عمر بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں موٹر سائیکل ون ویلنگ، تیز رفتاری اور خطرناک اسٹنٹس سے مکمل پرہیز کریں کیونکہ یہ عمل نہ صرف اپنی جان بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

اس موقع پر انہوں نے چترال پولیس کی سابقہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ماضی میں ون ویلنگ اور ٹریفک بے ضابطگیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عید پر بھی چترال پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی تاکہ عید کے ایام پُرامن اور خوشگوار ماحول میں گزارے جا سکیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock