
ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان کا تھانہ آیون اور چتر پل چیک پوسٹ کا دورہ
چترال (چترال ایکسپریس)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) نے تھانہ آیون اور چتر پل چیک پوسٹ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس تھانے کے انتظامی امور، روزمرہ ریکارڈ اور علاقے کے سیکیورٹی
انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او لوئر چترال نے تھانہ آیون کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور محرر روم، حوالات اور پولیس ریکارڈ کی جانچ کی۔ اس موقع پر پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جوان اپنے فرائضِ منصبی پوری ایمانداری اور احسن طریقے سے ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ تھانے میں آنے والے سائلین اور عام عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور اچھے رویے کو یقینی بنایا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہو۔
بعد ازاں ڈی پی او لوئر چترال نے چتر پل چیک پوسٹ کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات کی اور سیکیورٹی ڈیوٹی کا خود جائزہ لیا۔
جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خالد خان نے ہدایت کی کہ چیک پوسٹ پر سیکیورٹی کے تمام مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی جائے اور تمام اہلکار ڈیوٹی کے دوران الرٹ رہتے ہوئے پوری مستعدی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔۔
