
اے اے سی اور ٹی ایم او لوئر چترال کا شہر کے مختلف عوامی مقامات اور مذبح خانے کا دورہ
چترال ( چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ سروس ڈلیوری (DSD) کے تحت عوامی سہولیات کی بہتری اور نگرانی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (AAC) لوئر چترال عیسی محمد خان نے شہر کے مختلف اہم مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران ایڈمنسٹریٹر / ٹی ایم او (ہیڈ کوارٹر) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) چترال حیدر ایوب خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے شہید اسامہ ورائچ پارک چترال کا دورہ کر کے
وہاں سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے موجود سہولیات اور صفائی کے امور کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے دنین چترال میں قائم مذبح خانے کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے
قصابوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد اور معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں، انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈے ‘کروپ رشٹ اڈہ’ اور ‘شاہی اڈہ’ چترال کے دورے کے دوران
مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، کرایوں کے شیڈول اور صفائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ضلعی سروس ڈلیوری کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔
