
اپر چترال لاسپور میں برفانی چیتے کا عالمی دن منایا گیا، طلباء کو قدرتی وسائل کے تحفظ کا سفیر بننے کی تلقین
چترال (چترال ایکسپریس)سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن پاکستان اور چترال گول نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈویژن چترال کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی برفانی چیتے کے دن (23 اکتوبر) کے موقع پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سور لاسپور میں ایک خصوصی آگاہی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا بنیادی مقصد برفانی چیتے کی اہمیت، اس کے قدرتی مسکن کے تحفظ، درپیش خطرات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں نوجوانوں و طلباء کے کردار پر شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں
اسکول کے طلباء و طالبات، اساتذہ، علاقے کے عمائدین سمیت سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کے ریجنل پروگرام مینیجر جمیع اللہ شیرازی، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ) اپر چترال جمیل احمد، اور کمیونٹی موبلائزر سیف اللہ جان نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز میں طلباء و طالبات نے اردو اور انگریزی زبانوں میں تقاریر کرتے ہوئے برفانی چیتے کے ماحولیاتی کردار، اسے درپیش خطرات اور اس کے تحفظ کے لیے نوجوانوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ طلباء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے خاندان اور مقامی آبادی میں ماحولیاتی آگاہی پھیلانے کے لیے بطور سفیر اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سور لاسپور کے پرنسپل، فیاض علی نے سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تعلیمی سرگرمیاں طلباء میں ماحول دوست سوچ کو فروغ دینے اور قدرتی وسائل کی حفاظت کے لیے متحرک کرنے میں
اہم قدم ہیں۔
سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کے ریجنل پروگرام مینیجر جمیع اللہ شیرازی نے کہا کہ برفانی چیتے کا تحفظ پورے پہاڑی ماحولیاتی نظام اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے غیر قانونی شکار، گلوبل وارمنگ، اور انسان و جنگلی حیات کے تنازعات جیسے خطرات کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مقامی آبادی کا تعاون اور بالخصوص طلباء کا ‘تحفظ کے سفیر’ بننا ہی قدرتی وسائل کی بقا کی ضمانت ہے۔
محکمہ تعلیم اپر چترال کے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی ادارے بچوں میں قدرتی ماحول کے تحفظ کا شعور پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، وائلڈ لائف کے محکموں اور مقامی کمیونٹی کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
تقریب کے دوران کمیونٹی نمائندگان اکبر اور رحمت اللہ جان نے علاقے میں سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری تحفطی و فلاحی سرگرمیوں کو سراہا، جبکہ ادارے کے کمیونٹی موبلائزر جناب سیف اللہ جان نے اسکول انتظامیہ اور طلباء کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر شاندار کارکردگی دکھانے والے طلباء اور معزز مہمانوں میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مقامی کمیونٹیز اور سرکاری محکموں کے اشتراک سے برفانی چیتے اور اس کے قدرتی مسکن کے تحفظ کی کوششیں جاری رکھے گی۔
