تازہ ترین

​گورنمنٹ دارالعلوم چترال میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب

​چترال (چترال ایکسپریس) گورنمنٹ دارالعلوم چترال (شاہی مسجد) میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، بھارتی قبضے کی شدید مذمت اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی سرپرستی ادارے کے صدر و خطیب شاہی مسجد چترال حضرت مولانا خلیق الزمان نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض استادِ حدیث حضرت مولانا فضل حق نے انجام دیے۔

​تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں دارالعلوم کے طلبہ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے خوبصورت نعتیہ کلام پیش کیا اور کشمیر کے موضوع پر ملی اور دل سوز نظمیں پڑھ کر مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ گہری وابستگی اور یکجہتی کا اظہار کیا، جس نے شرکاء کے دلوں کو گرما دیا۔

​تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ خطیب چترال حضرت مولانا فضل مولا تھے۔ انہوں نے اپنے صدارتی و کلیدی خطاب میں مسئلۂ کشمیر کی تاریخی اور دینی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ اور ناجائز قبضے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں اور ان کی اپنی امنگوں کے مطابق جینے اور مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے آواز بلند کرنا ہم سب کی دینی، ملی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے اور اس دیرینہ مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

​تقریب کے آخر میں ادارے کے صدر حضرت مولانا خلیق الزمان  نے مہمانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آزادی کی عظیم نعمت کی قدر کرنے اور اپنی مادرِ وطن مملکتِ خداداد پاکستان کے ساتھ مخلص رہنے پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گورنمنٹ دارالعلوم چترال کے طلبہ اور اساتذہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت اور مسئلۂ کشمیر کو اجاگر کرنے کا فریضہ آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔

​تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، سلامتی اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO