
لوئر چترال پولیس لائنز میں ہفتہ وار جنرل پریڈ کا انعقاد؛ اہلکاروں کی جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ تیاری کا جائزہ
چترال (چترال ایکسپریس)ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) کے خصوصی احکامات کی روشنی میں پولیس لائنز لوئر چترال میں ہفتہ وار جنرل پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
ایس پی انوسٹی گیشن عتیق الرحمن نے
جنرل پریڈ کا معائنہ کیا، اس دوران پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔ تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر عزیزالدین اور آر آئی پولیس لائنز ایس آئی ابرار احمد بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔
جنرل پریڈ میں ضلعی پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ پریڈ کا بنیادی مقصد پولیس اہلکاروں کی جسمانی فٹنس، وردی کا معیار، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ تیاری کا باریک بینی سے جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن عتیق الرحمن نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران عوام کی خدمت کو اپنا بنیادی نصب العین بنائیں اور معاشرے میں قانون و انصاف کی بالادستی کو ہر صورت مقدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ فرض شناسی اور بہترین اخلاق ہی ایک اچھے پولیس اہلکار کی اصل پہچان ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار جنرل پریڈ کے انعقاد کا مقصد فورس کی مجموعی استعداد کار کو مزید بہتر بنانا، اہلکاروں کو چاق و چوبند رکھنا اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ہمیشہ اعلیٰ معیار پر برقرار رکھنا ہے۔
