
لوئر چترال پولیس کا جدید ٹیکنالوجی کی جانب اہم قدم، ڈرون اور اینٹی ڈرون گن کا عملی مظاہرہ
چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے سلسلے میں پولیس لائن لوئر چترال میں ڈرون ٹیکنالوجی اور اینٹی ڈرون گن کے استعمال کا عملی مظاہرہ اور ریہرسل منعقد کی گئی۔
ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی نگرانی میں منعقدہ اس مظاہرے میں
پولیس افسران نے جدید ڈرون کی پرواز، اس میں نصب کیمروں، فضائی نگرانی کے نظام اور اینٹی ڈرون گن کی عملی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور ان آلات کے استعمال اور افادیت سے متعلق آگاہی حاصل کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے چترال کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں، حساس مقامات، اہم شاہراہوں اور سیکیورٹی تنصیبات کی فضائی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا، جبکہ اینٹی ڈرون گن کی دستیابی سے حساس مقامات پر غیر مجاز ڈرونز کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
لوئر چترال پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے، سیکیورٹی انتظامات کو مستحکم کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
