لوئر چترال، سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یومِ وفات کے موقع پر عظیم الشان جلوس، قومی سطح پر عام تعطیل کا مطالبہ
چترال ( فتح اللہ) لوئر چترال میں بروز ہفتہ 22 جمادی الثانی، سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یومِ وفات کے موقع پر ایک عظیم الشان مدحِ صحابہ و مطالباتی جلوس نکالا گیا۔ جلوس دومون سے شروع ہو کر بروز بازار تک پہنچا، جس میں علمائے کرام، دینی کارکنان اور
عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلوس کی قیادت اہلسنت والجماعت لوئر چترال کے صدر حضرت مولانا حافظ خوش ولی خان ولی نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے فضائل و مناقب تفصیل سے بیان کیے اور کہا کہ آپؓ کی سیرتِ طیبہ امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو دینِ اسلام کی خدمت، ملک پاکستان کی ترقی اور بانیانِ اسلام کی عزت و عظمت کو عام کرنے کے لیے استعمال کریں۔
مولانا حافظ خوش ولی خان ولی نے مطالبہ کیا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یومِ وفات کے موقع پر قومی سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام الناس اس عظیم صحابیِ رسول ﷺ کی سیرت و خدمات سے بھرپور انداز میں آگاہی حاصل کر سکیں۔
جلوس سے قبل تلاوتِ قرآن کریم مولانا نور اللہ انور نائب صدر اہلسنت والجماعت لوئر چترال نے کی، جبکہ نعتِ رسول مقبول ﷺ مولانا ہدایت الرحمان نے پیش کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قاری خلیل الرحمٰن، ڈپٹی سیکرٹری اہلسنت والجماعت لوئر چترال نے انجام دیے۔
جلوس کے شرکاء نے صحابہ کرامؓ کی شان میں نعرے لگائے اور صحابہ کرامؓ کی حرمت و ناموس کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مذکورہ دن کو قومی سطح پر عام تعطیل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔
