دروش میں مردار جانور کا گوشت فروخت کرنے والا انتظامیہ کے ہتھے چڑھ گیا

دروش(نمائندہ چترال ایکسپریس) اسسٹنٹ کمشنر دروش بشارت احمد نے ایک کاروائی کے دوران دروش بازار میں مردار جانور کا گوشت فروخت کرنے والوں کو دھر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر دروش بشارت احمد نے خفیہ اطلاع پر فوری کاروائی کرتے ہوئے دروش کے بازار میں قصاب کی دکان پر چھاپہ مارکر مشکوک گوشت اپنے قبضے میں لے لیا اور اسکا میڈیکل ٹیسٹ کرنے پر پتہ چلا کہ واقعی جانور کے مرنے کے بعد اسے ذبح کرکے گوشت صارفین کو فروخت کرنے کے لئے دروش بازار میں لایا گیا تھا۔ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے اس حرکت میں ملوث قصاب اور مردار جانور بیچنے والوں کو گرفتار کرکے فوڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے حوالہ پولیس کر دیا اور مردار گوشت تلف کردیئے۔ ہمارے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر بشارت احمد نے کہا کہ عوام کی طرف سے تعاون پر ایسے واقعات پر قابو پا یا جاسکتا ہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں ایسے عناصر پر نظر رکھیں جو مختلف قسم کے قبیح حرکت کرتے ہیں ۔ ایسے عناصر کے خلاف کسی بھی وقت اسسٹنٹ کمشنر دروش کے دفتر میں قائم کنٹرول روم سے رابطہ کیا جاسکتا ہے اور انتظامیہ ایسے واقعات میں بغیر کسی تاخیر کے حرکت میں آئے گی۔ عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر دروش کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے کہ انکی طرف سے اقدامات اٹھانے پر عوام کو سنگین نوعیت کے واقعے سے نہ صرف آگاہی ملی بلکہ بروقت کاروائی کرنے سے اس قبیح حرکت میں ملوث افراد کو پکڑا گیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اس سلسلے میں مزید منظم انداز میں کام کرے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔