چترال میں حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کے حوالے سے سمینار کا انعقاد

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس ) ضلعی سیرت کونسل کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال چترال میں ہفتے کے روز حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کے حوالے سے ایک سمینار ہوا ۔ جس میں ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین مہمان خصوصی اور ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال قاضی فتح اللہ صدر محفل تھے ۔ ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ ،علماء اور علاقائی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سمینار میں مقررین نے خلیفہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کے فروغ اسلام کیلئے کی جانی والی خدمات اورقربانیوں پر تفصیل سے روشن ڈالی اور کہا ۔ کہ حضرت عثمان غنی کاتب وحی تھے ۔ اور اس منصب کیلئے رسول پاکؐ نے خود اُسے انتخاب فرمایا تھا ۔ آپؓ حضرت ابوبکر صدیق کے قریبی ساتھی تھے اور اُن کی دعوت پر ہی اسلام قبول کیا ۔ مالدار تاجر ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت فیاض تھے ۔ اور آپؓ نے اپنا مال و دولت ہمیشہ اسلام کی سر بلندی اور عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سیدنا عثمان غنیؓ رسول پاک ؐکے دوہرے داماد رہے ۔ اس لئے انہیں ذوالنورین بھی کہا جاتا ہے ۔ صلح حدیبیہ کے موقع پر رسول پاکؐ نے آپؓ کو سفیر بنا کر مکہ بھیجا ۔ آپؓ کو پہلی ہجرت کرنیوالے قافلے کا سردار یا امیر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ مقررین نے کہا ۔ کہ آپؓ کے زمانے میں فتوحات اور اصلاحات ہوئیں اور تہذیب و تمدن ،صنعت و حرفت تجارت اور علوم و فنون کو زبردست ترقی ملی ۔ ضلع ناظم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ خلفائے راشدین اور صحابہ کرام کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اس لئے آیندہ اس کو ایک اسلامی ایونٹ کے طور پر منایا جائے گا ۔ انہوں نے سمینار کے انعقاد پر ضلعی سیرت کونسل کے چیرمین حافظ نورالدین کے کردار کی تعریف کی ۔ ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے کہا ۔ کہ ہم دین کی تعلیم سے منہ موڑ چکے ہیں ۔ قرآن پاک سے سبق حاصل کرکے غیر مسلموں نے پوری دنیا پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ ہمیں اسلامی اقدار کے فروغ کیلئے اپنے اسلاف کے حالات زندگی اور اُن کے کارناموں کے یاد سے غافل نہیں ہونا چاہیے ۔ سمینار سے تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس ، رہنما پی ٹی آئی عبد اللطیف ، رہنما پاکستان مسلم لیگ ن صفت زرین ، مولانا نقیب اللہ رازی اور چیرمین ضلعی سیرت کونسل حافظ نورالدین نے خطاب کیا ۔ تمام حاضرین نے ضلعی سیرت کونسل کا سمینار کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔