وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا چترال آنے پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔ضلع ناظم مغفرت شاہ
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے نومنتخب بلدیاتی اداروں اور ان کے نمائندوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لئے ان کو اختیارات کی منتقل کرنے میں سنجیدہ اور مخلص ہے جس کی نظیر ملک کی سیاسی اور بلدیاتی تاریخ میں نہیں ملے گی اور اس سب کا براہ راست اورمثبت اثر عام آدمی تک پہنچ جائے گا ۔ اتوار کے روز چترال میں نومنتخب اراکین ضلع و تحصیل کونسل اور ویلج کونسل کے
ناظمین کی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چترال کی پسماندگی دور کرنے کے لئے چترال ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لانے جبکہ تعلیمی ضروریات کے لئے ایک الگ یونیورسٹی اور تعلیمی بورڈ قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے جس کا باضابطہ اعلان وہ اگلے ہفتے اپنے دورہ چترال میں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی چترال کے نومنتخب نمائندگان بلدیات کے لئے ایک تحفہ ہے جوکہ اس علاقے کو ترقی سے ہمکنار کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ ضلع ناظم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا چترال آنے پر فقید المثال استقبال کیا جائے گاجوکہ اگلے ہفتے متوقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے علاوہ ایک ملٹی بلین ڈالر مالیت کا ترقیاتی پراجیکٹ بھی مختلف غیر ڈونر ایجنسیوں کی
مدد سے لانچ کیا جارہا ہے اور اپنے ساتھ ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے اس بارے میں بھی گرین سگنل دے دیا ہے تاکہ چترال کی ہمہ گیر ترقی اور تاریخ کے بدترین سیلاب میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی ممکن ہو۔ مغفرت شاہ نے زور دے کرکہاکہ چترال کی ترقی میں تمام ممبران اسمبلی کے ساتھ قریبی رابطہ کار بڑہاکر ان کو ہر ایک پراسس میں شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کونسلروں اور ویلج ناظمیں سے کہاکہ وہ اپنی حیثیت کی پہچان اپنے اندر پیدا کریں کہ وہ گراس روٹ لیول کے منتخب نمائندے ہیں اور عوام کے بنیادی مسائل کا حل بھی ان کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ممبران ضلع عبداللطیف، مفتی محمودالحسن، محمد حسین، ریاض احمد دیوان بیگی، شیر محمد جبکہ چالیس سے ذیادہ ویلج کونسلوں کے ناظمیں موجود تھے۔