
ڈی پی او لوئر چترال کا اردلی روم، بہترین کارکردگی پر پولیس اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم
چترال(چترال ایکسپریس)لوئر چترال ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان نے پولیس افسران و جوانان کے مسائل اور شکایات سننے کے لیے ڈی پی او آفس بلچ میں اردلی روم کا انعقاد کیا۔
اردلی روم کے دوران مختلف تھانہ جات اور پولیس چوکیوں میں تعینات افسران و جوانان نے پیش ہوکر
اپنے پیشہ ورانہ اور انتظامی مسائل سے ڈی پی او کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او رفعت اللہ خان نے جوانوں کے جائز مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
دریں اثناء رواں ہفتے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں میں
تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
ڈی پی او لوئر چترال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا بروقت حل محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی سے فورس کے مورال میں اضافہ ہوتا ہے۔
